اسلام آباد: تحریکِ انصاف نے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کو مسترد کردیا ، جبکہ مسلم لیگ ن نے عمران خان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔
عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن نے تحریکِ انصاف کے عائد کردہ الزامات کو مسترد کردیا، میڈیا پر خبر نشر ہوتے ہی تحریکِ انصاف کے رہنماؤں نے رپورٹ پر سخت ردعمل کا اظہار کیا۔
تحریکِ انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ رپورٹ موصول ہونے سے قبل اس پر تبصرہ کرنا درست نہیں کیونکہ جو خبریں آرہی ہیں وہ مصدقہ نہیں، انہوں نے کہا کہ عبدالحفیظ پیرزادہ نے مکمل اور درست دلائل دئیے تھے، جس سے سب مطمئن تھے۔
اے آروائی نیوز سے گفتگو میں جہانگیر ترین نے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کو مذاق قرار دے دیا۔
دوسری جانب مسلم لیگ کے رہنماء احسن اقبال نے رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کیا ہے کہ عمران خان کے لگائے گئے الزامات جوڈیشل کمیشن نے مسترد کردیئے لہذا عمران خان کو اب قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔