رائے پور : چیمپیئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی کا کوالیفائنگ راؤنڈ آج سے بھارت کے شہر رائے پور میں شروع ہورہا ہے، قومی ڈومیسٹک چیمپیئن لاہور لائنز کی ٹیم ایونٹ کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپیئن ممبئی انڈینز سے ٹکرائے گی۔
ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا چیمپیئن کون ہوگا؟ اس کا فیصلہ تیرہ ستمبر سے چار اکتوبر تک جاری رہنے والی چیمپینز لیگ ٹی ٹوئنٹی میں ہوگا، ایونٹ میں دنیائے کرکٹ سے تعلق رکھنے والی ڈومیسٹک کی چیمپیئن ٹیمیں شرکت کررہی ہے۔
آئی پی ایل کی تین، آسٹریلیا کی دو، جنوبی افریقہ کی دو اور انگلینڈ کی ایک ڈومیسٹک چیمپیئن مین راؤنڈ میں پہنچ چکی ہے، چار میں سے دو ٹیمیں کوالیفانگ راؤنڈ کھیل کراگلےمرحلے میں جگہ بنانے کے لئے سرتوڑ کوششیں کریں گی۔
پاکستان کی ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن لاہور لائنز، دفاعی چیمپئین ممبئی انڈیئنز، نیوزی لینڈ کی ناردن ڈسٹرک اور سری لنکا کی سدر ن ایکسپریس کی ٹیمیں کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلیں گی۔
کوالیفائنگ راؤنڈ کے بعد مین راؤنڈ کا آغاز سترہ ستمبر سے ہوگا، اس سے قبل پاکستان کی سیالکوٹ اسٹالینز اور فیصل اباد وولفز کی ٹیمیں بھی چیمپیئنز لیگ میں کھیل چکی ہے لیکن دونوں کا سفر کوالیفائنگ راؤنڈ سے آگے نہیں بڑھ سکا۔