اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے چین کے صدر بیس اور اکیس اپریل کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ چین کے صدر ژی جن پنگ پاکستان کا دو روزہ دورہ کریں گے، چین کے صدر ژی جن پنگ کے دورہ پاکستان کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی صدر اپنی اہلیہ سمیت ساٹھ رکنی وفد کے ہمرا ہ دو روزہ دورے پر پاکستان آ رہے ہیں، اس موقع پر وہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق چینی صدرپاکستان اور خطے سے متعلق چین کی پالیسی کا اعلان بھی کریں گے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان اہم اہم معاہدے ہونگے۔
چین نے پارلیمنٹ ہاؤس کی بجلی کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے ایک منصوبے کی بھی پاکستان کو پیشکش کی ہے، اس منصوبے سے ایک اعشاریہ آٹھ میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی، جسے تیس ستمبر تک مکمل کر لیا جائے گا، یہ منصوبہ چین کی طر ف سے پاکستان کے لئے ایک تحفہ ہے۔
دوسری جانب پاکستان کومقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر تشویش ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے کشمیری رہنماؤں کے خلاف مقدمات پر اختلافات ہیں، کشمیریوں کی اخلاقی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، بھارت کے دفائی بجٹ میں اضافہ خطے کیلئے نقصان دہ ہے، ہم نے سرینگر کا مسئلہ مناسب فورم پر اٹھایا۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ سعودی وزیر مذہبی امور کا دورہ پاکستان معمول کا تھا، سعودی وزیر مذہبی امور کا دورہ اپنے پاکستانی ہم منصب کی دعوت پر تھا۔سعودی عرب کا دورہ مکمل کر کے پاکستانی وفد آج واپس پہنچے گا۔
انہوں نے بتایا کہ یمن میں قید گیارہ پاکستانی کے معاملے کو دیکھ رہے ہیں، بھارتی کی جانب سے مظاہرین پر تشدد غیر قانونی ہے، ہم ٹویٹ پر رد عمل نہیں دیتے، انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کا کوئی سرکاری بیان نہیں آیا۔