کراچی: ڈی آئی جی ایسٹ منیر احمد شیخ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر شکیل اوج کے قتل کیس میں اہم شواہد ملے ہیں، اسلامک اسٹڈی کے عملے اور استاتذہ کو شاملِ تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈی آئی جی ایسٹ منیر احمد شیخ اور ایس ایس پی ایسٹ پیر محمد شاہ نے وائس چانسلر جامعہ کراچی سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران ڈی آئی جی ایسٹ منیر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر شکیل اوج کے واقعہ میں اہم شواہد ملے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ جامعہ کراچی کو چند تلخ فیصلے کرنے ہونگے، تلخ فیصلوں سے متعلق جامعہ کراچی کی انتظامیہ کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر شکیل اوج کے اہلِ خانہ سے معلومات ملی ہیں، اسلامک اسٹڈی کے عملے اور استانذہ کو شاملِ تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا تھا کہ ان کابس چلے تو قاتلوں کو ابھی گرفتار کرلیں، ڈی آئی جی شرقی کے خیال میں تدریسی عمل روکنا پریشان کن ہے، تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاملہ جلد حل کرلیں گے۔
یاد رہے کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں واقع بیت المکرم مسجد کے قریب نامعلوم افراد نے ڈاکٹر شکیل اوج کو فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا، جس میں وہ جانبر نہ ہوسکے تھے۔