ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر تین سو تئیس رنز بنالئے، یونس خانےاور اظہر علی نے شاندار سنچریاں اسکور کیں۔
ڈھاکا کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں جاری ٹیسٹ کے پہلے روز بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،دوسرے ٹیسٹ کے لئے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی اسپنر ذوالفقار بابر کی جگہ فاسٹ بولر عمران خان کو موقع دیا گیا ہے،پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو چوتھے ہی اوور میں پروفیسر حفیظ صرف آٹھ رنزبناکرہمت ہارگئے۔
سمیع اسلم انیس رنزبناکر آؤٹ ہوئے، اظہر علی اور یونس خان نے محتاط انداز سے کھیلتے شاندار سنچریاں اسکور کیں، یونس خان نے کیرئیر کی انتیسویں سنچری اور اظہر علی نے آٹھویں سنچری بنائی جو بنگلہ دیش کیخلاف انکی پہلی سنچری ہے۔
یونس خان جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے ایک سو اڑتالیس رنز بناکر کیچ آوٹ ہوئے،دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لئےدو سو پچاس رنز کی شراکت قائم ہوئی، دن کے اختتام پر اظہر علی ایک سو ستائیس اور مصباح الحق نو رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔