کامونکی: پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی ایک سو کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا اختر علی کامیاب ہوگئے۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا اختر علی نے انچاس ہزار نو سو اکیانوے ووٹ حاصل کئے، پی ٹی آئی کے امیدوار چوہدری احسان اللہ اٹھائس ہزار تین سو اسی ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
کامونکی پی پی ایک سو کے ضمنی انتخابات میں ن لیگ کے امیدوار رانا اختر علی کی کامیابی پر کارکنوں نے جشن منایا، لیگی کا رکنوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں اور ہوائی فائرنگ بھی کی۔
ن لیگی کارکن اپنے امیدوار کو جیت کی مبارکباد دینے رانا اختر علی کے گھر پہنچ گئے، جہاں انھوں نے خوب جشن منایا، کارکنوں نے خوشی میں ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور مٹھائیاں تقسیم کیں، مسلم لیگ ن کے جیتنے والے امیدوار رانا اختر علی خان کی جیت کی خوشی میں ہوائی فائرنگ بھی کی۔
اس موقع پر وہاں پولیس کے خاصی نفری بھی موجود تھی لیکن پولیس افسران خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتے رہے اور کسی بھی کارروائی سے گریز کیا۔
پولنگ کے دوران کئی مقامات پر مسلم لیگ اور تحریک انصاف کے کارکنان میں تصادم کے واقعات بھی ہوئے، صوبائی اسمبلی کی یہ نشست مسلم لیگ ن کے رانا شمشاد علی کے قتل کے باعث خالی ہوئی تھی۔