کراچی : نیشنل ہائی وے کے قریب فائرنگ کے واقعے میں شہید ذوالفقارعلی بھٹو لاء کالج کے پروفیسر شدید زخمی ہوگئے، حالت تشویشناک ہے۔
کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجود فائرنگ اور پُرتشدد واقعات میں کمی نہ آسکی، نیشنل ہائی وے شاہ لطیف تھانے کی حدود میں لانڈھی منزل پمپ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید ذوالفقارعلی بھٹو لاء یونیورسٹی کے پروفیسر محمد ریاض شدید زخمی ہوگئے۔
محمد ریاض پیپلز لائرز فارم کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری بھی ہیں۔
ابتدائی طور پر واقعہ ڈکیتی مزاحمت معلوم ہوتا ہے،اسپتال ذرائع کا کہنا ہےکہ محمد ریاض کو تین گولیاں لگیں ہیں، ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
دوسری جانب صبح سویرے لیاری چاکیواڑہ سے لاش ملی، لانڈھی مرتضیٰ چورنگی کے قریب رینجرز نے مقابلے کے بعد لوٹ مار میں مصروف دو ڈاکوؤں کوگرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا ہے۔
سترہ جولائی کے روز نمائش چورنگی پر بینک میں ڈکیتی کی کوشش کرنے والے چارملزمان میں سے دو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مددسے پکڑے گئے، نیوکراچی انڈسٹری ایریا میں پولیس مقابلےکے دوران ڈاکواسحاق عرف شاکو ہلاک ہوگیا جبکہ ساتھی ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے بھاگ نکلا۔