کراچی: قتل وغارت گری کا سلسلہ تھم نہ سکا، فائرنگ اور پُرتشدد واقعات میں پولیس اہلکار سمیت چودہ افراد جان کی بازی ہار گئے، سائٹ ایریا میں پولیس نے بم کو ناکارہ بناکر شہر کو بڑی تباہی سے بچالیا۔
شہر قائد میں موت کا رقص جاری ہے، ہزاروں چھاپوں اور گرفتاریوں کے باوجود دہشتگرد آزاد پھر رہے ہیں، پولیس حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن چار نمبر میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے اے ایس آئی محمد بابر خان کو موت کے گھاٹ اتار دیا، منگھو پیر روڈ قلندریہ چوک پر فائرنگ سے ایک شخص جان سے گیا ایک زخمی ہوگیا۔
کورنگی چار نمبر میں بھی فائرنگ سے ایک شخص ابدی نیند سوگیا، ماڑی پور ٹرک اڈے کے قریب سے تین افراد کی لاشیں ملیں، جنہیں لیاری سے تین زور قبل اغوا کیا گیا تھا، مقتولین کی شناخت ادریس ایوب، انیس، وقار کے ناموں سے ہوئی ہے ۔
لیاری جھٹ پٹ مارکیٹ ، صدرپارکنگ پلازہ ، کورنگی اور نارتھ کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ نے خاتون سمیت چار افراد کو ابدی نیند سلادیا، سرجانی ٹاون میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے تینوں نجی اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے، مقتولین میں اختر انصاری، اشرف انصاری اورسلمان شامل ہیں۔
سائٹ میٹرویل میں کچرا کنڈی سے ملنے والے بم کو بم ڈسپوزل اسکورڈ نے ناکارہ بناکر شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا، ساحلی علاقے دو دریا میں پولیس کارروائی میں گینگ وار کا انتہائی مطلوب ملزم مخدوم عرف ڈان مارا گیا، ملزم ٹارگٹ کلنگ سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا۔