کراچی کے علاقے ماڑی پور میں قتل کئے جانے والے ایک ہی خاندان کے چار افراد کو قتل کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔
گزشتہ روز ماڑی پور روڈ سے متصل مشرف کالونی میں نالے سے خاتون اور بچوں سمیت چار افراد کی لاشیں ملیں جنہیں گولیاں مارکر موت کے گھاٹ اتارا گیاتھا جبکہ ایک پندرہ سالہ لڑکی زخمی حالت میں ملی۔ مقتولین کی شناخت پچاس سالہ مظفر اس کی اہلیہ شازیہ اور دو بیٹوں اٹھائیس سالہ شاہ میراور بارہ سالہ عمران کےنام سے ہوئی۔
پولیس حکام کے مطابق زخمی بچی اورخاتون کو قتل سے قبل ملزمان نے زیادتی کا نشانہ بھی بنایا تھا، ذرائع کا کہنا ہے ملزمان نے خاندان کو صرف اس بات پر قتل اور درندگی کا نشانہ بنایا مقتولین کا تعلق سیاسی جماعت سے تھا، پولیس کے مطابق ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے، ایم کیوایم نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔