کراچی : شہرِ قائد کے علاقے ملیر ندی کے قریب مقابلے میں مارے جانے گینگ وار کے ملزمان کی تفصیلات رینجرز نے جاری کردی ہیں۔
اتوار کی صبح ہونے والے رینجرز مقابلے میں پانچ گینگ وار کے ملزمان مارے گئے تھے، ملزمان کی تفصیلات رینجرز نے جاری کردی ہیں، ترجمان رینجرز کے مطابق اکبر ملیری نے تیس اور شیراز ابراہیم نے چھ افراد کو قتل کیا تھا۔
یوسف پٹھان نے گیارہ اور خالد لاشاری نے بھی چار افراد کو نشانہ بنایا تھا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گل حسن نے گیارہ افراد کو قتل کیا، ہلاک ملزمان قتل سمیت دیگر سنگین جرایم میں ملوث تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے نواحی علاقے ملیر میں رینجرز سے مقابلے میں لیاری گینگ وار کے نامی گرامی ملزم شیراز کامریڈ اوریوسف پٹھان سمیت پانچ ملزمان ہلاک جبکہ منگھو پیر میں پولیس مقابلے کے دوران کالعدم تنظیم کے چاردہشت گرد مارے گئے تھے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق علی الصبح ملیر ندی کے قریب رینجرز نے گینگ وار کے ٹھکانے پر کاروائی کی، خفیہ اطلاع پر ملزمان کے گرد گھیرا ڈالا تو گینگ وار کارندوں نے فائرنگ کردی، جوابی کاروائی میں لیاری گینگ وارکے پانچ انتہائی مطلوب کارندے مارے گئے۔
کاروائی میں گینگ وار کے دو اہم کمانڈر شیرازعرف کامریڈ اور یوسف پٹھان بھی نشانہ بنے جبکہ دیگر تین کارندوں میں اکبرملیری، خالدلاشاری اور گلاب حسن عرف پیرو شامل ہیں، ہلاک ہونے والے افراد دہشتگردی، قتل و غارت گری، بھتہ خوری سمیت سنگین جرائم میں ملوث تھے جبکہ ملزمان کے قبضے سے بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا۔