کراچی : کراچی والے ہوشیار ہو جائیں، موسم کا حال بتانے والوں نے شہر میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کر دی ہے ۔ایک سو بیس ملی میٹر بارش ہوسکتی ہے۔
اتوار کی شب بنگال سے پاکستان میں داخل ہونے والا بارشوں کا نیا سسٹم کراچی سمیت سندھ کے کئی شہروں میں بارش برسائے گا محکمہ موسمیات نے کراچی میں ایک سو بیس ملی میٹر بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ محمد ریاض نے کراچی سمیت ملک بھر میں آج پھر موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
نئے وزیر بلدیات ناصر شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ تمام انتظامات مکمل ہیں جبکہ دو روز پہلے ہونے والی بارش نے بلدیہ عظمیٰ کی تیاریوں کا پول کھول دیا تھا، نالوں کی ابتر حالت اور مختلف علاقوں میں پڑے گندگی کے ڈھیر خطرے کی گھنٹی بجا رہے ہیں۔
مختلف شاہراہوں پر لگے دیو ہیکل بل بورڈز طوفانی ہواؤں میں انسانی جانوں کیلئے خطرے کی علامت ہیں مگر تاحال انہیں ہٹانے کے فیصلے پر عمل نہیں کیا جاسکا ہے، شہر میں طوفانی بارش سے قبل فوری اقدامات کی ضرورت ہے، انتظامی نااہلی شہر کو مفلوج بھی بناسکتی ہے۔