کراچی: رات گئے شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس، رینجرز اور حساس اداروں نے چھاپہ مار کارروائیوں میں ٹارگٹ کلر اور اسٹریٹ کرمنلز سمیت پندرہ ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
لیاقت آباد کے علاقے غریب آباد اور اطراف میں پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی کے دوران گھر گھر تلاشی کے دوران ٹارگٹ کلر اور اسٹریٹ کرمنلز سمیت نو ملزمان کو حراست میں لے کر انکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ٹارگٹ کلر شفیق عرف کالا چار افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے جبکہ دس سے زائد جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہے۔
اس سے قبل ڈیفنس فیز ٹو میں حساس اداروں اور پولیس کی جانب سے گیسٹ ہاؤس میں چھاپے کے دوران چھ افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔
چھاپے کے دوران کمپیوٹر اور دیگر آلات بھی قبضے میں لئے گئے، دوسری جانب بلدیہ رشید آباد میں گھر سے دو روز پرانی لاش بھی ملی ہے، جسے قانونی کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا۔