کراچی: کیماڑی میں رینجرز سے مقابلے میں پانچ دہشت گرد ہلاک اور دو اہلکار زخمی ہوگئے، ترجمان رینجرز کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کا تعلق الیاس کشمیری گروپ سے ہے جبکہ ناظم آباد میں کار پر فائرنگ سے خاتون زخمی اور ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ہیلپ لائن پر اطلاع ملی کہ کیماڑی ٹاپو میں خطرناک دہشتگرد موجود ہیں، رینجرز کے جوان حرکت میں آئے اور فوری علاقے میں پہنچ گئے ۔
رینجرز کو دیکھتے ہی دہشت گردوں نے دستی بموں سے حملہ کردیا، جس میں دواہلکار زخمی ہوگئے، جوابی کارروائی میں پانچ دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں عمر ، انس ، عبدالرؤف،جاوید حسن اور طلحہ قیصر شامل ہیں، جن کا تعلق الیاس کشمیری گروپ سے ہے ۔
ہلاک دہشتگردوں نے دوہزار چودہ میں رینجرز کے سیکٹر کمانڈر پر حملہ کیا تھا۔
دوسری جانب کراچی میں خون اورقتل وغارت گری جاری ہے، ناظم آباد میں عبداللہ کالج کے قریب نامعلوم افرادکی کار پر فائرنگ میں نادیہ نامی خاتون زخمی ہوگئی جبکہ طارق نامی ڈرائیورجاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی مزاحمت کے دوران پیش آیا۔