اسلام آباد : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کسی کی خیرات پر اسمبلی میں نہیں جانا چاہتے ۔انہوں نے حکومت کو استعفے قبول کرنے کا چیلنج دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے کپتان عمران خان نے حکومت کو چیلنج کیا ہے کہ وہ اراکین تحریک انصاف کے استعفے منظور کریں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان کا کہنا تھا کہ وہ کسی کی خیرات پر اسمبلی میں نہیں جانا چاہتے، ان کا کہنا تھا کہ حکومت آج استعفے قبول کرے، کل سے انتخابی مہم چلائیں گے اور الیکشن لڑ کر بھاری اکثریت سے واپس آئیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ پارٹی کے فیصلوں کو کھلے عام چیلنج کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی اور اب کوئی بھی میڈیا میں جاکر پارٹی کےخلاف بولا تو نکال دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت میں دھڑےبندی ہوتی ہے، قبضہ گروپ کی باتیں کرنے والے عہدے چاہتے ہیں، پارٹی میں الیکشن ہوں گے جو چاہتا ہےالیکشن لڑکر آگے آئے۔
عمران خان نے ایم کیوایم اور مولانا فضل الرحمان کو بھی آڑے ہاتھوں لیا، عمران خان نے اعلان کیا کہ سندھ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے بعد پارٹی الیکشن کرائیں گے کپتان نے کہا کہ تحریک انصاف میں کوئی قبضہ گروپ موجود نہیں۔