سندھ : کندھ کوٹ اور کشمورمیں سیلاب کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں، ڈی سی او نے مکینوں کو چوبیس گھنٹے میں علاقہ خالی کرکے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کردیں ہیں۔
بپھری ہوئی سیلابی موجیں کشمور کے گردونواح میں بھی داخل ہونا شروع ہوگئی ہے، جس کے باعث خدشات و خطرات بڑھ گئے ہیں، ٹوڑی بند سے گاؤں درانی مہر تک تین کلومیٹر بچاؤ بند کی حالت کو حساس قرار دے دیا گیا ہے، گڈو بیراج کے دائیں جانب سے نکلنے والے بند کو نو کلومیٹر تک انتہائی حساس بتایا گیا ہے۔
اولڈ ٹوڑی بند سے گاؤں علی مراد اور گاہی تک دو کلومیٹر تک بند بھی انتہائی حساس قراردے دیا گیا ہے، ممکنہ خدشات خطرات کے پیشِ نظر ڈی سی او نے کندھ کوٹ اور کشمور کچے کے مکینوں کو علاقہ خالی کرکے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دے دیں ہیں۔
صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز میر ہزار بجارانی محکمہ آبپاشی کی بریفنگ پر سخت برہم ہوئے، میر ہزار بجارانی نے چوبیس گھنٹوں میں متاثرہ بندوں پر کام کرنے کا حکم دیا ہے، صوبائی وزیر کے دورے کے فوری بعد آبپاشی کا عملہ استعمال میں آنے والی مشینری واپس کرکے غائب ہوگیا ہے۔