کھلنا : پاکستان کرکٹ ٹیم کے پروفیسر محمد حفیظ نے ٹیسٹ کیرئیر کی پہلی ڈبل سینچری داغ دی۔
کھلنا میں حفیظ کا ہاتھ کھل گیا اور بنگلہ دیش کے خلاف حفیظ رنز کی مشین بن گئے اور پہلی ڈبل سینچری بنائی، بنگلہ دیشی بولرز کے لئے حفیظ کو روکنا مشکل ہوگیا۔
ٹیسٹ کے تیسرے روز بھی حفیظ کا بلا رنز اگلتا رہا اور پروفیسر نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف شاٹس کھیل کر میزبان بولرز کے چودہ طبق روشن کردیے۔
حفیظ کیرئیر بیسٹ دو سو چوبیس رنز بناکر شواگتا ہوم کی گیند کر کیچ آوٹ ہوئے۔
انہوں نے اننگز میں تئیس چوکے اور تین فلگ شگاف چھکے لگائے، حفیظ کی ڈبل سینچری کی بدولت پاکستان کی میچ میں پوزیشن مضبوط ہوگئی ہے۔
گزشتہ روز بنگلادیش کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں شاہینوں نے شاندار کم بیک کیا، پروفیسر کی سنچری اور اظہرعلی کی ففٹی نے میچ میں پاکستان کی گرفت مضبوط کردی تھی۔
بنگلا دیش نے نامکمل اننگز دوسو چھتیس رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو چھیانوے رنز کے اضافے کے بعد پوری ٹیم تین سو بتیس رنزبناکر آؤٹ ہوگئی۔ وہاب ریاض اور یاسر شاہ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں، بولرز کی فارم دیکھ کر بلے باز بھی فارم میں آگئے۔
اوپنر نے پچاس رنز کا آغازدیا، سمیع اسلم ڈیبیو میچ میں بیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پروفیسر اور اظہرعلی نے بنگالی بولرز پر خوب ہاتھ صاف کیے۔ دونوں کے سامنے بنگال کا ایک بھی جادو نہ چل سکا، حفیظ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے کیرئیر کا آٹھواں سینکڑاں جڑ دیا۔
اظہرعلی نے بھی چھکا داغ کر کیرئیر کی انیسویں ففٹی بنائی۔ کھیل کے اختتام پر پاکستان نے ایک وکٹ پر دوسو ستائیس رنزبنالئےتھے، قومی ٹیم کو برتری ختم کرنے کیلئے ایک سو سات رنز کی ضرورت ہے۔