تازہ ترین

امریکی محکمہ دفاع کی ہرزہ سرائی، پاکستان کاشدید احتجاج

اسلام آباد: پاکستان نے امریکی سفیر کو طلب کرکے امریکی محکمہ دفاع کی رپورٹ پر شدید احتجاج کیا ہے، جس میں پاکستان پر دہشتگردوں کی پشت پناہی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم کے مشیر برائے سلامتی امور سرتاج عزیز نے امریکی سفیر رچرڈ اولسن کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا، ان کا کہنا تھا کہ امریکاسمیت پوری دنیانےآپریشن ضرب عضب کا خیر مقدم کیا، جو بلاتفریق تمام دہشتگردوں کے خلاف جاری ہے، امریکی محکمہ دفاع کی رپورٹ میں حقائق کو مسخ کیا گیا ہے۔

امریکی محکمہ دفاع نے اپنی ایک رپورٹ میں پاکستان پر الزام لگایاتھا کہ پاکستان بھارت اور افغانستان کے خلاف شدت پسند تنظیموں کو استعمال کررہا ہے۔پینٹاگون کی طرف سے امریکی کانگریس کے لیے ہر چھ ماہ جاری کی جانے والی اس رپورٹ کے مطابق پاکستان پراکسی فورسز کا استعمال افغانستان میں اپنے گھٹتے ہوئے اثر رسوخ کی وجہ سے اور بھارت کے خلاف حکمتِ عملی کے طور پر کر رہا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی سرحد کے اندر چھپے طالبان اب بھی افغانستان میں حملے کر رہے ہیں۔ترجمان دفتر خاررجہ کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کے حوالے سے بے بنیاد الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

Comments

- Advertisement -