تازہ ترین

بھارتی فوج کی فائرنگ،ایک نوجوان شہید، تعداد 13 ہوگئی

سیالکوٹ: بھارتی اشتعال انگیزی کا سلسلہ بدستور جا ری ہے، چار روز سے جاری بھارتی جارحیت کے نتیجےمیں خواتین سمیت تیرہ پاکستانی نہتے شہری شہید اور بیالیس زخمی ہوگئے ہیں۔

جنگی جنون میں مبتلا اور خطے کے امن کے دشمن بھارتی افواج کی جانب سےلائن آف کنڑول کی مسلسل خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے، بھارت نےآزاد کشمیر، سیالکوٹ اور نارووال میں ورکنگ باؤنڈری اور کنٹرول لائن پر مختلف سیکٹروں میں جارحیت کی انتہا کردی۔

چوتھے روز بھی مسلسل فائرنگ اور گولہ باری کرکے پاکستانی علاقوں کونشانہ بنایا، آج صبح سویرے لہری سیکٹر پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک نوجوان شہید ہوگیا، بھارتی جارحیت سے درجنوں مکانات تباہ اور مویشی ہلاک ہوگئے، فائرنگ بھارتی جارحیت سےاب تک ستر ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں اور ہزاروں افراد علاقہ سے نقل مکانی کررہے ہیں۔

بھارتی جارحیت میں چپراڑ سیکٹر میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی اور سجیت گڑھ میں تین افراد زخمی ہوئے، آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے نکیال اور پونچھ سیکٹروں پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سےمتعدد گھروں کو نقصان پہنچا، پونچھ سیکٹرکےعلاقےدرہ شیخان میں سولہ سالہ لڑکی اتوار کے روز شہید ہوگئی تھی۔

گذشتہ روز بھی مارٹر گولہ لگنے سےایک خاتون شہید ہوئی، بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کے جواب میں چناب رینجرز بھی بھرپور انداز میں جواب دے رہی ہے۔

عسکری ذرائع کے مطابق پاک فوج کی کارروائی صرف فوجی تنصیبات تک محدود ہے، پاک فوج سول آبادی کو ہر گزنشانہ نہیں بنا رہی، بھارتی فوج کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

Comments

- Advertisement -