تازہ ترین

جمہوریت بچانے کے لئے آج دو غازی اکھٹے ہوگئے، عمران خان

اسلام آباد : عمران خان نے کہا ہے کہ ایک دوسرے پر الزام لگانے والے آج اکھٹے ہوگئے ہیں۔

پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ علی بابا اور چالیس چور کہنے والے جمہوریت کے غازی آج اکٹھے ہو گئے، جب تک نواز شریف استعفیٰ نہیں دے گا، ادھر ہی رہیں گے۔

نواز شریف کو مخاطب کرتے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف جتنے کنٹینرز لگانے ہیں لگا لو، آپ عوام کو نہیں روک سکتے، نواز شریف کی حکومت کو نہیں چلنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف ایک مہینے کیلئے کرسی چھوڑ دیں اور انکوائری کمیٹی کو فیصلہ کرنے دیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اپنے گھر کے بستر سے زیادہ اس کنٹینر پر اچھی نیند آرہی ہے، ایک وقت تھا جب آصف زرداری بھی سخت زبان استعمال کرتے تھے لیکن آج جمہوریت خطرے میں ہے تو نواز شریف اور زرداری اکٹھے ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں جہاں جہاں جمہوریت ہے وہاں غریب کے بچے کو مفت تعلیم ملتی ہے، غریب آدمی عدالتوں کے دھکے نہیں کھاتا لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں حکمران امیر اور عوام غریب ہوتے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے کسان کو سستی بجلی اور مفت پانی ملتا ہے اور جب کسان اوپر جاتا ہے تو ملکی پیداوار بڑھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج بہت خوش ہوں کہ میری قوم جاگ گئی ہے اور عوام کو شعور آگیا ہے، وہ جانتے ہیں کہ کون جمہوریت کے ساتھ کھڑا ہے اور کون جمہوریت کی آڑ میں پیسہ بنانے کے چکر میں ہے۔ عمران خان نے کہا کہ جمہوریت بچانے کیلئے ایک دوسرے پر الزام لگانے والے ز رداری اور نواز شریف اکٹھے ہوئے ہیں تو پیپلز پارٹی کے کارکن دھرنے میں آ گئے ہیں جس پر بہت خوش ہوں۔

Comments

- Advertisement -