تازہ ترین

حکومت پی ٹی آئی مذاکرات: جلد اچھی خبردیں گے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات حتمی مراحل میں داخل ہو گئے،فریقین نے جوڈیشل کمیشن کے قیام پر مثبت پیش رفت کا اشارہ دے دیا۔

حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات بحالی کے بعد دوسرا دور جہانگیرترین کی رہائش گاہ پر ہوا،مذاکرات میں حکومت کی جانب سے اسحق ڈار اور احسن اقبال جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین شریک ہوئے۔

مذاکرات میں فریقین کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کے قیام اور آئینی تحفظ فراہم کئے جانے سے متعلق مختلف نقاط پر بات چیت ہوئی۔ جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا کہ معاملات حل کی جانب بڑھ رہے ہیں،امید ہے کہ اگلی نشت تک جو ڈیشل کمیشن کے قیام پر اتفاق ہو جائیگا، اسحاق ڈار نے کہا کہ مذاکرات میں دونوں جماعتوں کی جانب سے تعاون اور نیشنل ایکشن پلان کمیٹی میں تحریک انصاف کی شمولیت خوش آئند ہے،تحریک انصاف اسمبلیوں میں واپس آکر الیکٹورل ریفارم میں بھی شریک ہو۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ مذاکرات میں عدالتی کمیشن کے قیام سے متعلق ٹی او آرز پر مثبت پیش رفت ہوئی ہے،آئندہ ہوانے والا مذاکراتی دور نتیجہ خیز ثابت ہو سکتا ہے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے ایک بار پھر واضح کیا کہ اسمبلیوں میں واپسی کا فیصلہ عدالتی کمیشن کے قیام اور نتیجہ پر منحصر ہو گا،دونوں فریقین کے مابین مذاکرات کا اگلا دور سوموار کی شام ہو گا۔

Comments

- Advertisement -