لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے دودھ کی مقدار زیادہ کرنے کےلیے بھینسوں کو ٹیکے لگانے کے خلاف درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے جواب طلب کرلیا۔
جسٹس عائشہ اے ملک نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزار آصف چیمہ ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ملک بھر میں دودھ کی مقدار زیادہ کرنے کے لیے بھینسوں کو ٹیکے لگائے جارہے ہیں، روزانہ چھ لاکھ کے قریب ملک بھر میں یہ ٹیکے استعمال ہوتے ہیں۔
درخواست گزار کے مطابق دنیا بھر میں ایسے ٹیکوں پر سخت پابندی ہے کیوں کہ اس سے کینسر اور ہیپا ٹائٹس جیسے امراض لاحق ہوتے ہیں اور بھینسوں کی عمر صرف دو سال رہ جاتی ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ان ٹیکوں کی فروخت پر فوری پابندی عائد کی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد وفاقی و صوبائی حکومتوں اور لائیو اسٹاک سمیت فریقین سے جواب طلب کرلیا ہے۔