تازہ ترین

غداری کیس:مشرف کے پیش نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ

غداری کیس میں خصوصی عدالت نے مشرف کی عدم پیشی سے متعلق فیصلہ چار بجے تک محفوظ کرلیا، پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے کہا کہ مشرف کو دل کی تکلیف کا بہانہ کیا گیا ہے، ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے جائیں۔

غداری کیس میں پرویز مشرف پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے تیسری سماعت ہوئی، سابق صدر آج بھی پیش نہیں ہوئے، فرد جرم عائد ہوتے وقت ملزم کا عدالت میں حاضر ہونا لازمی ہوتا ہے۔

مشرف کے وکیل شریف الدین پیرزدہ نے سماعت پیر تک ملتوی کرنے کی استدعا کی، عدالت نے مشرف کے پیش نہ ہونے پر ریمارکس دئیے کہ آج مشرف پیش نہیں ہوئے تو پھر قانون کے مطابق کاروائی ہوگی۔

عدالت کا بیشتر وقت پراسیکویٹر اور مشرف کے وکلا کے درمیان تلخ کلامی میں گزرا، عدالت نے گیارہ بجے یہ ہدایت دیتے ہوئے سماعت آدھے گھنٹے کے لئے ملتوی کی کہ پرویز مشرف کو آج لازمی پیش کیا جائے۔

مشرف کا قافلہ گھر سے پونے گیارہ بجے کے بعد نکلا تو قیاس کیا جارہا تھا کہ وہ عدالت جارہے ہیں لیکن قافلہ آرمی اسپتال راولپنڈی چلا گیا، اس دوران سماعت کا وقت دوبارہ شروع ہوگیا، عدالت نے پوچھا کہ پرویز مشرف کہاں ہیں۔

ڈی آئی جی سیکیورٹی جان محمد نے عدالت کو بتایا کہ مشرف کو عدالت لایا جارہا تھا کہ ان کی راستے میں طبیعت خراب ہوگئی، انہیں عسکری ادارہ برائے امراض قلب منتقل کیا گیا ہے ، آج ان کی پیشی ممکن نہیں۔

اس موقع پر پراسیکیوٹراکرم شیخ نے کہا کہ دل کی تکلیف کا بہانہ کیا گیا ہے، پرویزمشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے جائیں، تاہم عدالت نے عدم پیشی پر چار بجے تک فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت پیرتک ملتوی کردی۔
   

Comments

- Advertisement -