کراچی (ویب ڈیسک) – ہم میں سے بیشتر کو یہ صورتحال یقیناً پیش آئی ہوگی کہ ہم نے کسی کو انتہائی اہم میسج واٹس اپ کیا اورپھر شدت سے اسکے جواب کا انتظار کرتے ہیں۔
پہلے ہمارے میسج پر ایک چھوٹا سا ٹک کا نشان بنا آتا ہے اور تھوڑی ہی دیر میں ایک اور ٹک کا نشان بنا آجاتا ہے اور پھر سناٹا۔ ہمارا دل ڈوبنے لگتا ہے کہ کیا اتنے اہم میسج کو نظر انداز کردیا گیا۔
ابھی تک واٹس اپ کے کچھ صارفین کو یہ غلط فہمی تھی کہ دوہرے ٹک کا مطلب یہ ہے کہ میسج دیکھ لیا گیا جب کہ ایسا ہرگز نہیں تھا اس کا مطلب تھا کہ میسج ہینڈ سیٹ پرموصول ہوگیا ہے صارف نے دیکھا یا نہیں ایسا کچھ نہیں معلوم پڑتا تھا۔
لیکن اب واٹس اپ کی آفیشل ویب سائٹ نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایک نئی سہولت متعارف کرارہے ہیں جس کے ذریعے پیغام بھجنے والا یہ معلوم کرسکے گا کہ آیا اس کا پیغام دیکھا بھی گیا کہ نہیں۔
ویب سائٹ کے مطابق اگر گروپ میں گفتگو کی جارہی ہے تو سرمئی رنگ کے ڈبل ٹک کا مطلب ہے کہ گروپ میں موجود تمام افراد کو میسج موصول ہوگیا اور جب وہ ڈبل ٹک نیلے رنگ کا ہوجائے تواس کا مطلب ہے کہ گروپ میں موجود تمام افراد نے میسج دیکھ لیا ہے۔