پشاور: دہشتگردی کا نشانہ بنائے جانے والا آرمی پبلک سکول پشاور چھبیس روز کے بعد تدریسی عمل کیلئے دوبارہ کھول دیا گیا ہے، پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف اور ان کی اہلیہ نے اس موقع پر خود بچوں کا استقبال کیا اور والدین سے بھی ملاقات کی، کور کمانڈر پشاور لیفٹنٹ جنرل ہدایت الرحمان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سانحۂ پشاور کے بعد پہلے دن اسکول پہنچنے والے غازیوں کا خود استقبال کیا اور ان کا حال احوال پوچھا پُرعزم طلبہ کے حوصلے دیکھ کر انھیں خوش آمدید کہا، انہوں نے بچوں اور ان کے والدین کے عزم اور حوصلے کو سراہا اور ان کے جذبے کی تعریف کی، اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بچوں کے حوصلے بلند ہیں اور قوم ناقابلِ شکست ہے، اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی اہلیہ بھی ان کے ہمراہ تھیں ، انھوں نے بچوں کے والدین سے ملاقات کی۔
بعد ازاں جنرل راحیل شریف اور ان کی اہلیہ نے بچوں اور اساتذہ کے ہمراہ سکول کی اسمبلی میں شرکت کی ، جس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا ، جس کے بعد لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری ، دعا اور قومی ترانہ پڑھا گیا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔
Army #Chief Gen #Raheel Sharif in APS Psr right now.Receives students,meets parents.Everyone in high spirits. This nation unbeatable.Cont…
— AsimBajwaISPR (@AsimBajwaISPR) January 12, 2015
عاصم سلیم باجوہ کے مطابق اس موقع پر جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ تمام بچوں کے حوصلے بلند ہیں اور یہ قوم ناقابل شکست ہے۔
Psr:Begum & Gen #Raheel join students in mrng assembly.Lab pe aati ha dua-solidifies our soul. Standing proudly to sing national anthem
— AsimBajwaISPR (@AsimBajwaISPR) January 12, 2015
یاد رہے کہ 16 دسمبر کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کے حملے کے نتیجے میں 132 بچوں سمیت 144 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔