تازہ ترین

پشاور: خواتین اساتذہ کو اسلحہ رکھنے کی اجازت

پشاور: خیبر پختون خوا حکومت نے خواتین اساتذہ کو بھی اسلحہ رکھنے کی اجازت دے دی ہے تاکہ کسی حملے کی صورت میں وہ حملہ آوروں کا مقابلہ کرسکیں۔

سانحہ پشاور کے بعد ملک بھر میں اسکولوں کو سیکیورٹی خدشات ہیں، کہیں اسکولوں کو دھمکی آمیز پیغام مل رہے ہیں تو کہیں اسکولوں پر قبضے ہورہے ہیں لیکن اب خواتین ٹیچرز کو بھی اسلحہ رکھنے کی اجازت دیدی گئی ہے، جس کا مقصد اساتذہ کو تحفظ کا احساس دلانا ہے۔

صوبائی وزیرِ تعلیم محمد عاطف کا کہنا ہے کہ حساس تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی پر خاص توجہ دے رہے ہیں، اسی کروڑ روپے کی لاگت سے پچاس ہزار اساتذہ کو خصوصی تربیت دی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر حملے کے بعد حکومت نے سیکیورٹی خدشات کی بناء پر ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں موسمِ سرما کی تعطیلات میں اضافہ کردیا تھا تاکہ اس دوران ان کی سکیورٹی کے انتظامات بہتر بنائے جاسکیں۔

یاد رہے گزشتہ سال 16دسمبر کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں کے حملے میں 133 بچوں سمیت 148 افراد شہید ہوگئے  تھے۔

دوسری جانب پشاور میں دوسو چھپن نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن مکمل نہیں ہوسکی ہے، چیئرمین پشاور بورڈڈاکٹر شفیع آفریدی کے مطابق صوبے کےاکیس سو تعلیمی اداروں میں سے اٹھارہ سو چوالیس کی رجسٹریشن کاعمل مکمل ہوگیا، اسکول کے ساتھ ساتھ زیرِ تعلیم طالبعلم اور اساتذہ سے متعلق معلومات بھی اکھٹی کی جارہی ہیں۔

چیئرمین پشاوربورڈ کا کہنا ہے کہ نجی درسگاہوں میں درس و تدریس سے وابستہ افغان اساتذہ اور اسٹاف کا بھی مکمل ڈیٹا جمع کیا جارہا ہے، ڈیٹا حاصل ہونے کے بعد تعلیمی اداروں میں ایس او ایس سروس فراہم کردی جائے گی۔

Comments

- Advertisement -