اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف سے اعلی حکام کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز آرمی چیف اور وزیر داخلہ سے ملاقات کے بعد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی بھی ملاقات کے لئے وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے۔
وزیراعظم نوازشریف کی اعلی عسکری اور سول حکام سے ملاقاتوں کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے، وزیراعظم ہاؤس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے نوازشریف سے ملاقات میں قومی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان آپریشن ضرب عضب سے متعلق بھی بات چیت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق یوم آزادی پر ہونے والی خصوصی پریڈ سے متعلق بھی معاملات کا جائزہ لیا گیا۔
گزشتہ روز وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزیرداخلہ چوہدری نثار اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی نوازشریف سے ملاقات کی تھی آرمی چیف سے ملاقات میں فیصلہ ہوا کہ آ رمی چیف چودہ اگست کو پارلیمنٹ کے سامنے ہونے والی پریڈ میں وزیراعظم کے ہمراہ شرکت کریں گے، تقریب میں مسلح افواج کے سربراہان اور غیرملکی سفارتکار بھی شریک ہوں گے۔