تازہ ترین

کم رفتار والے انٹرنیٹ کنکشن کے حامل صارفین کیلئے فیس بک کا نیا ورژن

سان فرانسسکو: دنیا کی سب سے بڑی سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ فیس بک نے کم رفتار والے انٹرنیٹ کنکشن کے حامل صارفین کے لیے فیس بک کا ایک نیا ورژن پیش کیا ہے۔

فیس بک نے سست انٹرنیٹ سپیڈ والے ملکوں میں کم ڈیٹا استعمال کرنے والی تیز رفتار ایپ فیس بک لائٹم متعارف کروا دی ہے، فیس بک لائٹ فی الحال صرف اینڈرائیڈ کے لیے دستیاب ہے اور اسے اینڈرائیڈ 2.2 ورژن پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

فیس بک لائٹ ایپلی کیشن کا انٹرفیس 70 فیصد اس کی اصل دستیاب ایپلی کیشن جیسا ہی ہے۔ اس کا وزن کم رکھنے کے لیے اس کا ڈیزائن بہت ہی سادہ اور سیدھا رکھا گیا ہے۔ فیس بک کی عام ایپلی کیشن کی طرح اس میں بھی سارے فیچرز موجود ہیں۔ اس میں آپ اپنی نیوز فیڈ کے علاوہ فرینڈ ریکوئسٹس، میسجز، چیٹ، نوٹی فکیشنز وغیرہ دیکھ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اپنے فیس بک گروپ اور پیجز بھی منظم رکھ سکتے ہیں۔

فیس بک لائٹ کے پراڈکٹ مینیجر وجے شنکر نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ فی الحال یہ ایپ ایشیا میں دستیاب ہے اور جلد ہی اسے لاطینی امریکا، افریقہ اور یورپ میں بھی پیش کر دیا جائے گا، اس ایپ کا ہدف وہ ملک ہیں جہاں ترقی یافتہ ملکوں کے برعکس اب بھی اکثریت سست رفتار ٹو جی نیٹ ورک استعمال کرتی ہے۔

شنکر نے بتایا کہ وہ لوگوں کو چوائس دینا چاہتے ہیں تاکہ سست انٹرنیٹ سپیڈ کے باوجود وہ فیس بک سے بھرپور استفادہ کر سکیں، اس ایپ کے ذریعے نیوز فیڈ، سٹیٹس اپ ڈیٹس، نوٹیفیکیشنز اور فوٹوز تک رسائی ممکن ہوگی لیکن فیس بک کے دوسرے فیچرز مثلا ویڈیوز اور ایڈوانس لوکیشن سروس دستیاب نہیں،ایپ کا مقصد دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں میں فیس بک کے دائرہ کار کو پھیلانا ہے۔

فیس بک لائٹ ایپلی کیشن ساری دنیا کے لیے دستیاب نہیں، یہ صرف ان ملکوں کے لیے ہے جہاں انٹرنیٹ تاحال پورے ملک میں تیز رفتاری کو پہنچ نہیں پایا مثلاً نیپال، بنگلہ دیش، نائیجریا، ساؤتھ افریقہ، سری لنکا، زمبابوے وغیرہ۔ خوش قسمتی کہیں یا یدقسمتی پاکستان بھی اسی فہرست میں شامل ہے۔
اینڈروئیڈ صارفین یہ ایپلی کیشن گوگل پلے اسٹور سے انسٹال کر سکتے ہیں۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ نئی فیس بک ٹوئٹر کے لیے کڑا چیلنج ثابت ہو سکتی ہے کیونکہ ٹوئٹر کی کامیابی کی بڑی وجہ اس کا سادہ اور آسان ہونا ہے۔

یاد رہے کہ فیس بک کے سربراہ مارک زکر برگ نے چھ ٹیکنالوجی پارٹنرز کے ساتھ مل کر تیار کردہ انٹرنیٹ ڈاٹ او آر جی نامی پلیٹ فارم کا اعلان کیا تھا، اس پیلٹ فارم کا مقصد انٹرنیٹ تک رسائی نہ رکھنے والے 4.5 ارب لوگوں کو مفت انٹرنیٹ فراہم کرنا ہے۔

Comments

- Advertisement -