تازہ ترین

اے ٹی ایم کارڈ کلوننگ گروہ کا پردہ فاش

ممبئی: بھارت میں اے ٹی ایم کارڈ کی کلوننگ کرنے والے گروہ کا پردہ فاش ہوگیا اور گھناؤنے کھیل میں ملوث ایک شخص کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔

ممبئی پولیس کے مطابق پولیس افسران رات گئے گشت کر رہے تھے کہ انہیں لوکھنڈ والا میں ایک شخص اے ٹی ایم کے پاس مشکوک حرکت کرتا نظر آیا، پولیس کو شبہ ہوا تو اس شخص سے ضروری سوالات کئے، جن کے وہ تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔

پولیس رپورٹ کے مطابق ملزم کی تلاشی لی گئی تو اس کے پاس سے نو اے ٹی ایم کارڈ برآمد ہوئے جو اس کی ملکیت نہ تھے، فوری طور پر ملزم کو حراست میں لیکر اوشیوارہ پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا، جہاں غیر ملکی شخص نے اعتراف کیا کہ مذکورہ کارڈ اس کے نہیں ہیں۔

مقامی پولیس نے مقدمے کا اندراج کرتے ہوئے معاملے کی تفتیش کا آغاز کیا اور ملزم کے گھر کی تلاشی لی تو تین عدد لیپ ٹاپ، ایک سو چھیاسٹھ اے ٹی ایم کارڈ، کارڈ تبدیل کرنے والے ریڈر ڈیوائس، دو نوٹ گننے والی مشین ، چار موبائل فون، اور دیگر اشیا برآمد کی گئیں۔

مقامی پولیس کے مطابق ایک سو چھیاسٹھ ایم ٹی ایم کارڈز میں سے 72 کارڈ کلوننگ پائے گئے جو مختلف بینکوں کے تھے، پولیس نے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کیا تو انکشاف ہوا کہ اس سے قبل بھی ملزم کے خلاف ممبئی کے مختلف تھانوں میں اسی قسم کے مقدمات درج ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اے ٹی ایم میں کارڈ سوائپ کرنے کی جگہ کیا نصب کرتا تھا؟ ملزم کے تہلکہ خیزانکشافات

مقامی پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری بڑی کامیابی ہے کیونکہ جون میں ایک خاتون نے شکایت کی تھی کہ اس کے بینک اکاؤنٹ سے ساٹھ ہزار روپے نکال لئے گئے ہیں، جس پر پولیس نے مقدمے کا اندراج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کی تھیں۔

اے ٹی ایم کارڈ کلوننگ کیا ہے؟

اے ٹی ایم مشینوں میں کارڈ سوائپ والی جگہ پر اسکیمر ڈیوائس اور چھوٹا کیمرہ نصب کردیا جاتا ہے، جس کی مدد صارفین کا پن کوڈ اور دیگر اہم معلومات حاصل کی جاتی ہیں۔

Comments

- Advertisement -