کراچی : کھارادر میں تین بچوں کی پراسرار ہلاکت کی ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس نے سرکار مدعیت میں مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کھارادر میں گزشتہ روز مبینہ زہریلی چیز کھانے سے تین معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے والے واقعے کے بعد پولیس کو اہم شواہد ملے ہیں جس کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ پولیس سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرے گی۔
اس حوالے سے پولیس حکام نے میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں مزید انکشافات سامنے آئے ہیں بچوں کے اہل خانہ نے پہلے آئی آئی چند ریگر روڈ پر قائم ایک مشہور انٹرنیشنل برگر چین سے برگر خریدے اس کے بعد یہ لوگ تفریح کی غرض سے سی ویو چلے گئے اور واپسی میں برنس روڈ سے آئس کریم اور کولڈ ڈرنک بھی خریدی۔
پولیس کے مطابق تمام افراد نے گھر واپس آکر اپنے الگ الگ کمروں میں کھانا کھایا، ایک کمرے میں بڑے افراد نے کھانا کھایا جبکہ دوسرے کمرے میں تینوں بچے کھانا کھا رہے تھے، بڑے افراد اس سے محفوظ رہے تاہم بچوں کی طبیعت بگڑ گئی.
پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ فیملی کی جانب سے پولیس سے تعاون نہیں کیا جا رہا، پولیس اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کرنے جارہی ہے، فوڈ سیمپلز بھی پولیس حاصل نہیں کر سکی، اہل خانہ نے کھانا کھانے کے بعد کچرے میں پھینک دیا تھا، اس کے علاوہ پولیس فوڈ اتھارٹی سے بھی رابطہ کر رہی ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے تینوں بچے سگے بہن بھائی ہیں، بچوں میں11سالہ عائزہ،8سالہ سعد اور2سالہ صفا شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پولیس ہر زاویے سے تحقیقات کررہی ہے، اس حوالے سے ایس پی سٹی ڈاکٹر سمیر چنا نے میڈیا کو بتایا کہ ہلاکت کا مقدمہ درج کروانے کے لیے تاحال لواحقین نے رابطہ نہیں کیا۔