تہران: ایران میں مسافر بردار ٹرین پٹری سے اتر گئی، دلخراش واقعے میں سترہ افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق حادثہ مشرقی ایران میں رونما ہوا، جہاں دارالحکومت تہران سے یزد جانے والے مسافر ٹرین کی چار بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، جس کے نتیجے میں کم از کم سترہ مسافر ہلاک جبکہ پچاس سے زائد زخمی ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرین اور بس میں خوفناک تصادم، بس جل کر مکمل تباہ
ایرانی میڈیا کے مطابق افسوسناک واقعہ صحرائی شہر تباس سے تقریباً 50 کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا، یہ علاقہ وسطی شہر کو یزد سے ملاتا ہے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایمبولینس اور تین ہیلی کاپٹر امدادی کاموں کے لئے جائے حادثے کی جانب روانہ کردئیے گئے ہیں تاہم بتایا جارہا ہے کہ موسمی حالات کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات ہیں۔
ادھر ریلوے اہلکار نے ایرانی سرکاری میڈیا کو بتایا کہ ٹرین پٹری سے اترنے سے قبل ایک کھدائی کرنے والے ٹرک سے ٹکرائی تھی۔یاد رہے کہ ایران میں دو ہزار چار میں بدترین ٹرین حادثہ رونما ہوا تھا جب پٹرول، کھاد، سلفر اور کپاس سے لدی ایک ٹرین نیشابور کے قریب گر کر تباہ ہو گئی، جس میں تقریباً 320 افراد ہلاک اور 460 زخمی ہوئے تھے، اس واقعے میں پانچ دیہات کو بھی نقصان پہنچا تھا۔