تازہ ترین

بھارت: ایک سالہ بچے نے زہریلا سانپ نگل لیا

بریلی: بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر بریلی میں ایک سالہ بچے نے گھر کے صحن میں کھیلتے ہوئے چھوٹا زہریلا سانپ نگل لیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بریلی کے علاقے فتح گنج کے ایک گاؤں بھولاپور میں ایک سالہ بچے نے حادثاتی طور پر صحن میں کھیلتے ہوئے چھوٹا زہریلا سانپ نگل لیا، تاہم اس کی ماں نے بروقت دیکھ لیا اور دوڑ کر اس کے منہ سے سانپ کھینچ کر نکال لیا۔

یہ واقعہ ہفتے کی شام کو پیش آیا تھا، واقعے کے فوراً بعد بچے کو مقامی اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے کہا کہ سانپ کریٹ ہیچلنگ تھا جو نہایت زہریلا ہوتا ہے، تاہم بروقت علاج سے بچے کی جان بچ گئی۔

رپورٹس کے مطابق بچے نے سانپ کو کاٹا تھا اور تھوڑا سا نگل بھی لیا تھا، ماں نے دیکھا تو دوڑ کر اس کے منہ سے سانپ نکالا، پہلے تو وہ سمجھیں کہ شاید بچے نے فرش پر پڑی کوئی ٹھوس چیز نگل لی ہے لیکن جب انھوں نے باہر نکالا تو وہ خوف زدہ ہو گئیں، وہ ایک سانپ تھا۔

واقعے کے فوراً بعد انھوں نے بچے کو اسپتال پہنچایا جہاں بچے کو سانپ کے کاٹے کا انجیکشن لگایا گیا، بچے کی حالت بہتر بتائی گئی ہے تاہم اسے ڈاکٹرز کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔

بچے کے والد دھرم پال نے بتایا کہ سانپ مر چکا تھا اور اس کی لمبائی 6 انچ تھی، میری بیوی سوم وتی بچے کے منہ سے کچھ نکالنے کی جدوجہد کر رہی تھی، جب اس نے وہ چیز نکالی تو اس کے منہ سے چیخ نکلی، کیوں کہ وہ ایک سانپ تھا جو بعد میں مر گیا۔

Comments

- Advertisement -