اسلام آباد (10 مئی 2026): وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ انہیں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بتایا کہ جنگ بندی معاہدے کیلیے امریکی تجاویز پر ایران کی جانب سے جواب موصول ہوگیا ہے۔
پاکستان مونومنٹ پر وزیر اعظم نے خصوصی تقریب سے خطاب میں کہا کہ صدر مملکت، نائب وزیر اعظم، فیلڈ مارشل، ایئر چیف، نیول چیف، وفاقی وزرا، کابینہ ارکان، مختلف ممالک کے سفرا اور شہدا کے اہلخانہ کو سلام پیش کرتا ہوں، اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں جس نے معرکہ حق کو عظیم فتح میں بدلا۔
شہباز شریف نے پہلگام کے واقعے کو جواز بنا کر بھارت نے ہم پر بے بنیاد الزامات لگائے، ہمارا دامن صاف تھا اس لیے صبر اور تحمل سے کام لیا، پہلگام واقعے کی عالمی سطح پر شفاف تحقیقات کی پیشکش کی تو بزدل دشمن نے رات میں مسجد اور شہریوں کو نشانہ بنا کر جنگ مسلط کی، ہماری مسلح افواج نے بزدل انڈیا کو بھرپور جواب دیا، بھارت آج تک پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا ایک بھی ثبوت پیش نہ کر سکا۔
پوری قوم فیلڈ مارشل کو سلام پیش کرتی ہے
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو شاندار خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ان کی قیادت کو ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا، پوری قوم سپہ سالار کو سلام پیش کرتی ہے، ہمارے شاہینوں کی جرات اور فتح میزائل کے نشانے نے دشمن کو چاروں شانے چت کر دیے، 4 گھنٹے کے اندر ہی بھارت جنگ بندی کی درخواست پر مجبور ہوگیا، پاکستان کی سچ کے بیانیے کی فتح ہوئی۔
پاک بھارت جنگ بندی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اہم کردار
’ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور ان کے شاہینوں کے ذکر کے بغیر یہ باب نامکمل ہے۔ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کی فضائی برتری کے دعوؤں کا پول کھول دیا۔ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور بحریہ کے ہر افسر اور جوان کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کے اظہار پر دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سعودی عرب، ترکیہ، چین اور دوست ملکوں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاک بھارت جنگ بندی کیلیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اہم کردار ادا کیا، دو ایٹمی طاقتوں میں جنگ جاری رہتی تو اس کا انجام بھیانک ہوتا۔
ایران کی جانب سے تجاویز پر جواب موصول ہوگیا
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کی کامیابی کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا، امریکا اور ایران کے درمیان 47 سال کے بعد براہ راست مذاکرات ہوئے، مذاکراتی عمل کیلیے نائب وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
ایران کی جانب سے تجاویز پر جواب موصول ہوگیا ہے۔ امریکا ایران جنگ بندی کیلیے پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ مجھے ابھی فیلڈ مارشل نے بتایا کہ ایران کا جواب موصول ہوگیا ہے۔ ایران کے جواب سے متعلق ابھی مزید تفصیل بتا نہیں سکتا۔
10 مئی معرکہ حق کے نام سے منسوب
اپنے خطاب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے 10 مئی کو ’معرکہ حق‘ کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہر سال جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


