پشاور : پشاور بورڈ کی جانب سے اعلان کردہ میٹرک کے نتائج میں تقریباًَ 10,000 طلبا اسلامیات میں فیل ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور نے سالانہ سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت اس سال اسلامیات کا پرچہ طلبہ کے لیے سب سے مشکل ثابت ہوا اور اس میں سب سے زیادہ طلبہ ناکام رہے۔
بورڈ کے مطابق نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات میں مجموعی طور پر تقریباً 10 ہزار طلبہ اسلامیات کے پرچے میں فیل ہوئے، جس کے باعث یہ رواں سال امیدواروں کے لیے سب سے مشکل مضمون ثابت ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق نویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں 97 ہزار 950 طلبہ نے شرکت کی، جن میں سے 57 ہزار 847 طلبہ کامیاب ہو کر دسویں جماعت میں ترقی حاصل کرنے کے اہل قرار پائے۔
نتائج کے بعد اسلامیات جیسے لازمی مضمون میں طلبہ کی اس ناقص کارکردگی نے ماہرینِ تعلیم اور والدین میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔
تعلیمی ماہرین کی جانب سے امتحانی رجحانات اور تدریسی معیار کا جائزہ لیے جانے کا امکان ہے۔
پشاور بورڈ نے بتایا ہے کہ مختلف مضامین میں طلبہ کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی تجزیاتی رپورٹ آئندہ چند روز میں جاری کی جائے گی۔


