پیر, مارچ 16, 2026
اشتہار

102 سالہ کروڑ پتی کی خفیہ شادی، بھانڈا اسپتال میں‌ کیسے پھوٹا؟ حیرت انگیز واقعہ

اشتہار

حیرت انگیز

(19 فروری 2026) دل جوان ہو تو عمر کوئی معنی نہیں رکھتی 102 سالہ کروڑ پتی نے خفیہ شادی کی لیکن بھانڈا پھوٹا تو اسپتال میدان جنگ بن گیا۔

دل تو بچہ ہے جی، تائیوان میں 102 سالہ کروڑ پتی اس کی حقیقی مثال بن کر سامنے آئے اور ان پر شادی کا بھوت سوار ہوا تو سب سے چھپ کر شادی کی، لیکن عشق اور مشک چھپائے نہیں چھپتے۔ جب شادی کا بھانڈا پھوٹا تو اسپتال ہی میدان جنگ بن گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق تائیوان کے دارالحکومت تائی میں 102 سالہ کروڑ پتی شخص نے 68 سالہ خاتون سے خفیہ شادی کی اور اس کو اپنے خاندان سے بھی چھپایا۔

رپورٹ کے مطابق یہ بھانڈا اسپتال میں اس وقت پھوٹا جب وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ اسپتال سے باہر آ رہے تھے۔ اتفاق سے عین اسی وقت بزرگ کے بیٹے، بہوئیں، پوتے اور پوتیاں وہاں پہنچ گئے اور یہ منظر دیکھ کر پہلے حیران اور پھر آگ بگولہ ہو گئے۔

معاملہ اس لیے بھی گھمبیر ہوا کہ ان کی سوتیلی والدہ کوئی اور نہیں بلکہ ان کی نگہداشت کے لیے رکھی جانے والی خاتون تھی، جس کو ان کے بچوں نے اپنے والد کی دیکھ بھال کے لیے رکھا تھا۔

بیٹے سخت برہم ہو گئے اور سوتیلی ماں کو ایک طرف دھکیل کر والد کی وہیل چیئر چھین لی اور اپنے ساتھ گھر لے جانے لگے۔ لیکن 68 سالہ خاتون نے چیخ وپکار مچا دی اور پولیس کو فون کر کے اسے طلب کر لیا۔ اس موقع پر فریقین میں ہاتھا پائی بھی ہوئی۔

جب پولیس آئی تو بچوں نے بتایا کہ ہمارے والد کی دماغی حالت کا فائدہ اٹھا کر اس عورت نے ان سے دولت کے لالچ میں خفیہ شادی کر لی۔ اس شادی کے بعد ان کے والد نے سات پلاٹس اور 19 لاکھ پاؤنڈ کی انشورنس پالیسی خاتون اور ان کے بچوں کے نام منتقل کی۔

دوسری جانب تائیوان میں شادی رجسٹریشن کرنے والے حکام نے بتایا کہ شادی کے اندراج کے وقت بزرگ نے سوالات کے درست جواب دیے اور قانونی تقاضے پورے کیے۔

البتہ بھانڈا پھوٹ جانے اور بچوں کے مقدمہ کرنے کے بعد اب شادی کی قانونی حیثیت اور اثاثوں کی منتقلی کا فیصلہ عدالت کرے گی۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں