کراچی : آئی جی سندھ مشتاق مہر نے اسمگلنگ میں ملوث 13 پولیس اہلکاروں کو برطرف کردیا ہے، پولیس افسروں اور اہل کاروں پر سنگین الزامات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسمگلنگ میں ملوث سندھ پولیس کے 13 اہلکاروں کو برطرف کردیا گیا ، آئی جی سندھ نے بر طرفی کے احکامات جاری کئے۔
برطرف کیے گئے اہلکاروں میں حبیب اللہ، ارشاد علی، غلام اصغر، سکندرچانڈیو، عبدالعزیز، فضل محمد، مولابخش، پیارعلی چانڈیو، ضمیرجمالی، نظیراحمد اور الطاف چانڈیو بھی شامل ہیں۔
آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ پولیس افسروں اور اہل کاروں پر سنگین الزامات ہیں، اہل کاروں نے عوام کی نظر میں پولیس کی ساکھ تباہ کی۔
اینٹی اسمگلنگ اسٹیئرنگ کمیٹی نے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی تھی۔
یاد رہے گزشتہ روز جعلی پولیس مقابلے میں شہری کی ہلاکت کے بعد 6 پولیس اہکاروں کو حراست میں لے لیا گیا تھا اور مقدمہ بھی پر درج کرلیا تھا۔
پولیس حکام نے چھ اہلکاروں کو حراست میں لیکر ہتھیار فارنزک کیلئے جمع کرلئے ہیں، پولیس حکام کے مطابق چاراہلکاروں کا کہنا ہے انہوں نے فائرنگ نہیں کی ، جائے وقوعہ سے تین خول ملے ہیں ، خولوں کی فارنزک رپورٹ سے اسلحہ کا معلوم ہوسکے گا۔
واقعے کی شفاف تحقیقات کیلئے ایس پی لانڈھی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی تھی۔