تازہ ترین

یوکرائن: نرسنگ ہوم میں خوفناک آتشزدگی، بڑا جانی نقصان

کیف: یورپی ملک یوکرائن میں نرسنگ ہوم میں خوفناک آتشزدگی کے باعث پندرہ افراد ہلاک جبکہ گیارہ سے زائد جھلس کر زخمی ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یوکرائن کے مشرقی شہر خارکیف کے نرسنگ ہوم میں آتشزدگی کے نتیجے میں پندرہ افراد ہلاک اور گیارہ زخمی ہوئے، ابتدائی معلومات کے مطابق آگ نرسنگ ہوم کی دوسری منزل پر لگی جہاں تینتیس افراد مقیم تھے ، زیادہ تر اموات دم گھٹنے سے ہوئیں۔

ابتدائی معلومات کے مطابق آتشزدگی الیکٹرک ہیٹر کے غلط استعمال کے باعث لگی۔

یوکرین کے صدر وولڈیمر زیلینسکی نے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے فوری طور پر اس کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، صدر کا مزید کہنا تھا کہ واقعے میں 15 افراد جان سے جاچکے ہیں، ہم دعاگو ہیں کہ مزید جانی نقصان نہ ہو۔

دوسری جانب یوکرائن کی ایمرجنسی سروسز کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے دو گھنٹوں سے بھی کم وقت پر قابو پالیا گیا ہے، آگ بجھانے کے عمل میں 50 کے قریب فائر فائٹرز نے حصہ لیا۔

Comments

- Advertisement -