لاہور: صوبہ پنجاب میں شہری وَن فائیو کی ہیلپ لائن کا بے دردی سے استعمال کرنے لگے ہیں، انکشاف ہوا ہے کہ صرف ایک ماہ میں شہریوں نے ساڑھے 15 لاکھ سے زائد غیر متعلقہ کالیں کیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے ون فائیو ہیلپ لائن کالز کا ریکارڈ جاری کر دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ اگست میں لاہور سمیت پنجاب بھر سے 25 لاکھ 73 ہزار 14 کالیں موصول ہوئیں۔
ماہ اگست میں موصولہ کالوں میں صرف 1 لاکھ 98 ہزار 675 پر پولیس کی مدد فراہم کی گئی، جب کہ ٹریفک سے متعلقہ 8 ہزار 143 کالوں پر رہنمائی کی گئی۔
اتھارٹی کے مطابق موصول شدہ کالوں میں سے 15 لاکھ 71 ہزار439 کالیں غیر متعلقہ تھیں، مختلف معلومات کے حصول کے لیے 41 ہزار 886 کالیں موصول ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق لاسٹ اینڈ فاؤنڈ سینٹر کی مدد سے 7 لاپتا افراد کو اپنوں سے ملوایا گیا، جب کہ ماہ اگست میں 76 موٹر سائیکلیں بھی مالکان کے حوالے کی گئیں۔