کراچی : کراچی کے علاقے اتحاد ٹاؤن سے اغوا کی گئی 15 سالہ لڑکی کو نوابشاہ سے بازیاب کرالیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں کیماڑی انویسٹی گیشن پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران کراچی کے علاقے اتحاد ٹاؤن سے اغوا کی گئی 15 سالہ لڑکی کو ضلع نوابشاہ سے بازیاب کرا لیا ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ 15 سالہ اقصیٰ رواں سال 12 جنوری کو اتحاد ٹاؤن سے پراسرار طور پر لاپتہ ہوئی تھی، جس کے اغوا کا مقدمہ تھانہ اتحاد ٹاؤن میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج تھا۔
ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق، پولیس نے جدید تکنیکی وسائل اور موبائل ڈیٹا کی مدد سے ملزم کا سراغ لگایا اور نوابشاہ میں چھاپہ مار کر لڑکی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔
کارروائی کے دوران اغوا میں ملوث ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے جس کی شناخت فیاض احمد کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے واقعے کے محرکات سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد بازیاب ہونے والی لڑکی کو والدین کے حوالے کر دیا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


