ملتان: پنجاب کے شہر ملتان میں آنکھوں کے ڈاکٹر نے 16 مریضوں کی زندگیوں میں اندھیرا کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ملتان کے ایک علاقے لاڑ میں نجی اسپتال کے ڈاکٹر نے موتیا کے لیے آنکھوں کی سرجری میں غفلت کے باعث ایک ہی روز میں 16 مریضوں کو بینائی سے محروم کر دیا۔
مریضوں کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ نجی اسپتال کے میڈیکل کیمپ میں 20 مارچ کو مریضوں کی آنکھوں کا آپریشن کیا گیا تھا، جب پٹی کھولی گئی تو پتا چلا کہ ان کی بینائی ختم ہو چکی ہے۔
آنکھوں کی روشنی چھن جانے پر مریضوں اور لواحقین نے نجی ٹرسٹ اسپتال کے باہر احتجاج کیا، اور محکمہ صحت سے آئی سرجن ڈاکٹر حسنین مشتاق کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا، تاہم محکمہ صحت نے تاحال نجی اسپتال اور ڈاکٹر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔
رپورٹ کے مطابق جن مریضوں کی آنکھوں کی بینائی گئی، ان میں 7 خواتین بھی شامل ہیں، آپریشن کے چند گھنٹوں بعد ہی ان مریضوں نے آنکھوں میں درد کی شکایت کی تھی۔
آپریشن کے بعد مذکورہ مریضوں کی بینائی مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے، نجی اسپتال کے سرجن کا کہنا ہے کہ مریضوں کی بینائی انفیکشن سے متاثر ہوئی ہے، آپریشن میں کوتاہی کے سبب نہیں۔