اسلام آباد : بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے کیس سننے والے جج کو ایک بار پھر تبدیل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کرنے والے احتساب عدالت کے جج کو ایک بارپھرتبدیل کردیا گیا۔
احتساب عدالت نمبر1 میں ناصر جاوید رانا کو جج نامزد کردیا گیا ہے، بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کے خلاف کیس احتساب عدالت نمبر1میں زیرسماعت ہے۔
چیف جسٹس اسلام آبادہائیکورٹ نےمتعددججزکی نامزدگیوں کی منظوری بھی دی ، جس میں ایڈیشنل سیشن جج عابدہ سجاد احتساب عدالت نمبر 3 کیلئے، ایڈیشنل سیشن جج سکندر خان بینکنگ کورٹ تعیناتی کیلئےنامزد کی گیا۔
ہائیکورٹ نےوزارت قانون کوججزکےنام بھجوادیے، جس کے بعد وزارت قانون نے احتساب عدالت نمبر ایک نئے جج ناصر جاوید رانا کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
وزارت قانون کے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ناصر جاوید رانا کو3 سال کے لیے جج تعینات کیا گیا، اس سے قبل جج محمد علی وڑائچ 190 ملین پاؤنڈ کیس سن رہے تھے۔
خیال رہے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت آج اڈیالہ جیل میں ہوگی، کیس کی سماعت جج ناصر جاوید رانا کریں گے۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاویدرانااڈیالہ جیل پہنچ گئے ، بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کوعدالت پیش کیا جائے گا۔
وکلاء صفائی تفتیشی افسر کے بیان پر جرح مکمل کریں گے، ریفرنس میں مجموعی طور پر پینتیس گواہان کے بیانات قلمبند جبکہ چونتیس پر جرح مکمل کرلی گئی ہے۔


