اسلام آباد: احتساب عدالت نے190ملین پاؤنڈز کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے جسمانی ریمانڈمیں 2 روز کی توسیع کرتے ہوئے 23 نومبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے 190ملین پاؤنڈز کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے جسمانی ریمانڈمیں 2 روز کی توسیع کا تحریری حکم جاری کردیا۔
احتساب عدالت کےجج محمد بشیر نے 4 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا، جس میں کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی 4 دن نیب کی تحویل میں رہ چکے ہیں،نیب کی جانب سےچیئرمین پی ٹی آئی کےمزید5روزجسمانی ریمانڈکی استدعاکی گئی۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ نیب کے مطابق جسمانی ریمانڈ کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی سےتفتیش کی گئی، نیب تفتیش کےدوران نئےحقائق سامنےآئےہیں جن میں مزید تحقیق کی ضرورت ہے، نیب کے مطابق حتمی نتیجے پر پہنچنے کیلئے چیئرمین پی ٹی آئی کامزیدجسمانی ریمانڈضروری ہے۔
عدالت کا کہنا تھا کہ نیب کے مطابق اصل دستاویزامطلوب ہیں جو علی ظفر ایڈووکیٹ کی تحویل میں ہیں، ان دستاویزات سے متعلق جرح کے بعد تفتیش مکمل کرلی جائے گی۔
حکم نامے کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کا کہنا ہے نیب پہلے ہی دستاویزتحویل میں لے چکا ہے اور نیب کو تفتیش کیلئے پہلے ہی مناسب وقت دیا جا چکا ہے، نیب کے پاس مزید جسمانی ریمانڈ کا کوئی قانونی جواز نہیں بنتا۔
احتساب عدالت کا مزید کہنا تھا کہ دستاویزسے متعلق جرح کیلئے چیئرمین پی ٹی آئی کےجسمانی ریمانڈمیں 5 کے بجائے 2روزکی توسیع کی جاتی ہے، پی ٹی آئی کو 23 نومبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔