تازہ ترین

امریکا میں 24 گھنٹوں کے دوارن 1970 افراد کی ریکاڈ اموات

واشنگٹن : کرونا وائرس کی جان لیوا وبا میں مبتلا دو ہزار کے قریب امریکیوں کی ایک روز میں ریکارڈ ہلاکتوں نے ساری دنیا کو دہلا کر رکھ دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی کرونا وائرس کے شکنجے میں سب سے زیادہ پھنسا ہوا ملک ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں کی تعداد میں نئے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔

امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1970 شہریوں کی ریکارڈ اموات کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، ایک روز میں اتنی بڑی تعداد میں ہلاکتوں نے امریکا سمیت پوری دنیا میں لوگوں کو پریشان کردیا ہے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 33 ہزار 331 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست نیویارک امریکا سمیت پوری دنیا کا سب سے متاثر حصّہ ہے جہاں سب سے زیادہ کرونا مریض ہیں جبکہ اسپتال بھی مریضوں سے بھر چکے ہیں اور سردخانوں میں لاشیں رکھنے کی گنجائش بھی نہیں بچی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکا میں ہلاکت خیز وائرس کوویڈ 19 سے بڑھتی ہوئی ہلاکتوں کے باعث تدفین ایک مسئلہ بن گئی ہے۔

اس قدر سنگین حالات میں بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی الزام تراشیاں جاری ہیں اور انہوں نے عالمی ادارہ صحت پر بروقت ایکشن نہ لینے کا الزام عائد کرتے ہوئے ڈبلیو ایچ او کی فنڈنگ روک دی ہے۔

دوسری جانب امریکی صدارتی امیدوار و سابق نائب صدر جوبائیڈن نے ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہے کہ ٹرمپ ناکام ہوگیا انہوں نے اقدامات اٹھانے میں مسلسل تاخیر کی اور غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا۔

خیال رہے کہ وائرس دنیا کے 209 ممالک میں پنجے گاڑ چکا ہے، دنیا بھر میں کرونا کے متاثرہ افراد کی تعداد 14 لاکھ 31 ہزار سے تجاوز کرگئی، دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اموات82 ہزار 080 ہوگئیں جبکہ 3 لاکھ سے زائد مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔

Comments

- Advertisement -