لاہور : چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا ہے کہ صوبے میں اسموگ سے نمٹنے کے لئے مصنوعی بارش کے دو منصوبے زیر غور ہیں اور چنگ چی رکشے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں سنئیر صحافیوں سے ملاقات کے دوران غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا کہ اسموگ کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لینا ہوگا، اس پر قابو پانے کے لئے ورلڈ بینک کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں، صوبے میں سموگ سے نبٹنے کے لئے مصنوعی بارش کے دو منصوبے زیر غور ہیں
زاہد اختر زمان کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک حکام مصنوعی بارش کے منصوبوں سے متفق نہیں ہیں تاہم مصنوعی بارش کے دو منصوبے زیر غور ہیں۔
انھوں نے کہا کہ حکومت ماحولیاتی آلودگی ختم کرنے کے لئے 30 الیکٹرک بسیں امپورٹ کررہی ہے، ہتر سفری سہولیات کے لئے لاہور کو 14 سو بسوں کی ضرورت ہے۔
چیف سیکرٹری نے بتایا کہ چنگ چی رکشہ بند کروانے کا اصولی فیصلہ ہوچکا ہے، چنگ چی رکشہ کی نو سو غیر قانونی ورکشاپس ہیں، نیا چنگ چی رکشہ بنانے اور نیا رکشہ مارکیٹ میں نہیں آسکے گا۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ اسموگ کو جانچنے والے آلات بھی تسلی بخش نہیں ہیں، اسموگ کے خاتمے کے لئے ورلڈ بینک سے مل کر اسٹڈی شروع کردی ہے۔