راولپنڈی: شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 فوجی جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میرانشاہ کے علاقے سپلگا میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا، دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید اہلکاروں میں حوالدار تاجبر علی اور سپاہی راشد شامل ہیں،حوالدار تاجبر علی کا تعلق سوات سے جبکہ راشد کا تعلق پارا چنار سے ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے کلیئرنس آپریشن شروع کردیا ہے۔
مزید پڑھیں: سیکیورٹی فورسز کا آواران میں آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک
واضح رہے کہ اس سے قبل سیکیورٹی فورسز نے آوران میں آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا، دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے تباہ کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ اور مواصلاتی آلات برآمد کیے گئے تھے۔
یاد رہے رواں ماہ 7 ستمبر کو شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا تھا ، اس کارروائی میں دہشت گرد تنظیم کا وسیم زکریا 5 ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گیا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 10 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے ، کمانڈر وسیم زکریا کا تعلق میر علی کے علاقے حیدر خیل سے تھا، مطلوب دہشت گرد وسیم 30 مختلف کارروائیوں کا ماسٹر مائنڈ تھا، وہ ٹارگٹ کلنگ کی مختلف وارداتوں میں بھی ملوث تھا۔