کراچی : نجی اسپتال میں ڈکیتی کے دوران سیکیورٹی گارڈ کو گولی مار کر زخمی کرنے والے ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال میں 13 فروری کو فائرنگ کر کے سیکیورٹی گارڈ کو زخمی کرنے والے ملزمان کو ی سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
گرفتار ملزمان سے تھانے میں تفتیش کا عمل جاری ہے جہاں ملزمان نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ 13 فروری کو ڈکیتی کی نیت سے نجی اسپتال میں داخل ہوئے تھے تاہم ناکامی پر فائرنگ کر کے سیکیورٹی گارڈ پر فائرنگ کر دی تھی۔
ملزمان کی نجی اسپتال سے فرار کی فوٹیجز اے آر وائی نیوز نےحاصل کرلی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹرسائیکل سواردوملزمان اسپتال کے گیٹ نمبر تین سے داخل ہوئے اور بھیڑ کا فائدہ اٹھاکر کیش ٹرانسفرلوکیشن کے قریب پہنچ گئے۔
تاہم جب ملزمان نے دیکھا کہ ڈکیتی میں کامیابی ممکن نہیں تو انہوں نے گارڈ کو گولی مار کر زخمی کردیا جس پر فائرنگ کی آواز سے اسپتال میں افراتفری مچ گئی اور لوگ اپنی جان بچانے کے لیے محفوظ مقام کے لیے دوڑ پڑے ۔
فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزمان با آسانی فرار ہو رہے ہیں جب کہ دیگر افراد کی نشاندہی کے باوجود گیٹ پر مامور سیکیورٹی گارڈ نے ملزمان کو روکنے کی کوشش نہیں کی۔