کراچی : انمول عرف پنکی کے نیٹ ورک کے مزید دو اہم کارندوں کو گرفتار کرلیا ، ملزمان نے اعتراف کیا پنکی کے منیجر حسن کے ذریعے منشیات کی ترسیل کرتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن میں ساؤتھ زون پولیس نے ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے شہر کے پوش علاقوں میں فعال ‘انمول عرف پنکی’ کے منظم آن لائن منشیات نیٹ ورک کو بے نقاب کردیا۔
پولیس نے کلفٹن بلاک 6 کے قریب نیٹ ورک کے دو اہم کارندوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا، جو رائیڈرز کا روپ دھار کر منشیات کی ہوم ڈلیوری کر رہے تھے۔
ساؤتھ زون پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت عاقب الرحمان اور غلام مصطفیٰ کے نام سے ہوئی ہے، ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران نیٹ ورک کے طریقہ کار کے حوالے سے انتہائی اہم انکشافات کیے۔
یہ ملزمان عام ڈلیوری رائیڈرز کی آڑ میں شہر کے متمول اور پوش علاقوں میں کوکین اور آئس جیسی مہنگی اور خطرناک منشیات سپلائی کرتے تھے۔
ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ براہِ راست ‘انمول عرف پنکی’ کے لیے کام کر رہے تھے، منشیات کی فراہمی اور آرڈرز کی تفصیلات انہیں پنکی کا منیجر ‘حسن’ فراہم کرتا تھا، جس کے بعد یہ منشیات گاہکوں تک پہنچائی جاتی تھی۔
پولیس نے کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں کوکین اور آئس برآمد کر لی ہے، جبکہ منشیات کی سپلائی کے لیے استعمال ہونے والی موٹر سائیکل کو بھی فوری طور پر تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف منشیات فروشی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ نیٹ ورک کی سربراہ ‘انمول عرف پنکی’ اور اس کے منیجر ‘حسن’ کی گرفتاری کے لیے ساؤتھ زون پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور شہر کے مختلف حصوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


