جمعہ, فروری 13, 2026
اشتہار

دنیا بھر میں ایک سال میں 2 رمضان المبارک اور 2 عیدالفطر کب ہوں گی؟

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (11 جنوری 2026): دنیا بھر میں مسلمان سال میں ایک بار رمضان اور ایک ہی عیدالفطر مناتے ہیں مگر ہر 32 یا 33 سال بعد کچھ انوکھا ہوتا ہے۔

دنیا بھر میں مسلمان رمضان المبارک کی آمد کا انتظار کر رہے ہیں، جس میں اب ڈیڑھ ماہ سے بھی کم عرصہ رہ گیا ہے۔ عمومی طور پر سال میں ایک بار ہی رمضان آتے ہیں اور مسلمان ایک بار ہی عیدالفطر مناتے ہیں۔ تاہم ہر 32 یا 33 سال بعد مسلمانوں کو یہ ماہ مبارک اور تہوار ایک سال میں دو بار منانے کا موقع ملتا ہے۔

تو ایسا ہی موقع جلد آ رہا ہے۔ صرف تین سال بعد دنیا بھر کے مسلمان 2030 میں دو بار ماہ رمضان المبارک کا استقبال کریں گے جب کہ 6 سال بعد 2033 میں مسلمان اپنا مذہبی تہوار عیدالفطر دو بار منائیں گے۔

اس کی وجہ اسلامی قمری کلینڈر اور گریگورین کلینڈر (عیسوی کلینڈر) کے درمیان فرق ہے۔ عیسوی کلینڈر میں ایک سال 365 جب کہ لیپ ایئر (ہر چوتھا سال) 366 دن کا ہوتا ہے۔

اس کے برعکس اسلامی کلینڈر کے مطابق اسلامی سال عمومی طور پر 354 یا 355 دن پر مشتمل ہوتا ہے، جو قمری حساب سے مہینے کے ایام پر منحصر ہوتا ہے۔ اس طرح اسلامی سال، عیسوی سال کی نسبت 10 سے 11 دن چھوٹا ہوتا ہے۔

اس طرح ہر 32 یا 33 سال میں قمری اور عیسوی کلینڈر میں ایک سال کا فرق آ جاتا ہے۔ آخری مرتبہ 1997 میں ایک سال میں دو بار رمضان المبارک اور 2000 میں دو بار عیدالفطر آئی تھی۔

ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ 2030 میں دنیا بھر کے مسلمان ایک سال میں دو بار رمضان المبارک کا استقبال کریں گے اور دو بار روزے رکھیں گے۔

سال 2030 کو ممکنہ طور پر رمضان المبارک کا آغاز ممکنہ طور پر 5 جنوری کو ہوگا اور اسی سال دوبارہ رمضان المبارک ممکنہ طور پر 26 دسمبر سے شروع ہوگا۔ جنوری میں 29 یا 30 جب کہ دسمبر میں مسلمان 6 روزے رکھے ہیں۔ یوں اس سال روزوں کی مجموعی تعداد 35 یا 36 ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب مسلمان 2033 میں ممکنہ طور پر جنوری کے آغاز میں 2 یا 3 جنوری کو پہلی عیدالفطر جب کہ اسی سال 23 یا 24 دسمبر کو دوبارہ یہ تہوار منائیں گے۔

ویسے رواں برس رمضان المبارک آغاز 17 سے 18 فروری سے ہونے کا امکان ہے۔ ہر ملک میں مقامی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے بعد رمضان کے شروع ہونے کا تعین کیا جائے گا۔

تاہم یاد رہے کہ اگرچہ فلکیاتی حسابات کے ذریعے رمضان کے آغاز کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے، لیکن اس کی حتمی تاریخ کا اعلان چاند دیکھنے پر ہی کیا جاتا ہے۔

بہت سے اسلامی ممالک، جن میں پاکستان اور سعودی عرب بھی شامل ہے، چاند دیکھنے کے لیے انسانی مشاہدے پر انحصار کرتے ہیں، جبکہ بعض ممالک سائنسی طریقے استعمال کرتے ہیں۔

+ posts

ریحان خان کو کوچہٌ صحافت میں 25 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں۔ملکی سیاست، معاشرتی مسائل اور اسپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ قارئین اپنی رائے اور تجاویز کے لیے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

اہم ترین

ریحان خان
ریحان خان
ریحان خان کو کوچہٌ صحافت میں 25 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں۔ملکی سیاست، معاشرتی مسائل اور اسپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ قارئین اپنی رائے اور تجاویز کے لیے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں