اسلام آباد : سینیٹر فلک ناز سے واٹس ایپ کے زریعے مالی فراڈ کرنے والے 2 ملزمان گرفتار کرلئے گئے، ملزمان نے 4 لاکھ 85 ہزار 500 روپے فراڈ کے ذریعے ہتھیائے تھے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن نے کامیاب کارروائی کے دوران سینیٹر فلک ناز سے مالی فراڈ میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان نے شوکت خانم اسپتال کے سی ای او کا جعلی روپ دھار کر شہری کو دھوکہ دیا، سینیٹر فلک ناز سے واٹس ایپ کے ذریعے 4 لاکھ 85 ہزار 500 روپے فراڈ کے ذریعے ہتھیائے۔
این سی سی آئی نے تکنیکی شواہد کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے محمد ندیم اور اسد نامی دونوں ملزمان کو بہاولنگر سے گرفتار کیا۔
ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ دھوکے بازی اور جعلی شناخت کے ذریعے رقوم بٹورنے والے گروہ کے دیگر سہولت کاروں تک بھی پہنچا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں : آن لائن ہیکرز کیلئے اراکینِ پارلیمنٹ بھی آسان شکار بن گئے
یاد رہے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں انکشاف ہوا تھا کہ آن لائن ہیکرز نے اراکینِ پارلیمنٹ کو بھی نشانے پر لے لیا ہے، ہیکرز مختلف اراکین کو جعلی کالز کے ذریعے لاکھوں روپے کا چونا لگا چکے ہیں۔
اجلاس میں سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے بتایا تھا کہ ہیکرز کا ایک گروہ سینیٹرز کو فون کر کے مکمل ذاتی معلومات بتاتا ہے اور پانچ سے ساڑھے پانچ لاکھ روپے کی رقم طلب کرتا ہے، یہ گروہ انتہائی منظم انداز میں فراڈ کر رہا ہے۔
سینیٹر فلک ناز چترالی نے بتایا تھا کہ انہیں “کونسلنگ سینٹر بنانے” کے نام پر ایک شخص فیصل نے فون کیا اور دو قسطوں میں پانچ لاکھ روپے بٹور لیے۔
انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ ہیکرز کے پاس اہلخانہ اور بچوں سے متعلق مکمل ڈیٹا موجود تھا جبکہ سینیٹر دلاور خان کے اکاؤنٹ سے بھی ساڑھے آٹھ لاکھ روپے غائب کر لیے گئے۔


