خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں بھارتی حمایت یافتہ 20 خوارج ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کیا، درہ آدم خیل میں آپریشن کے دوران 12 دہشت گرد مارے گئے۔
بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے دہشت گرد 8 اور 9 نومبر کو آپریشنز میں مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی پر سینٹائزڈ آپریشن جاری ہے، آپریشن ’عزم استحکام‘ کے تحت دہشت گردوں کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
یہ پڑھیں: کرم میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 7 خوارج ہلاک، کیپٹن سمیت 6 جوان شہید
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ 29 اکتوبر کو سیکیورٹی فورسز نے ضلع کرم کے علاقے ڈوگر میں خفیہ اطلاعات پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا تھا اس دوران بھارتی اسپانسرڈ 7 خوارج ہلاک ہوئے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن نعمان سلیم سمیت 6 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ کیپٹن نعمان نے طبی فرائض کے ساتھ محاذ پر بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت پائی، شہدا میں حوالدار امجد علی، نائیک وقاص احمد، سپاہی اعجاز علی شامل ہیں، سپاہی محمد ولید اور سپاہی محمدد شہباز نے بھی جام شہادت نوش کیا۔


