ڈھاکا: میانمار میں ہونے والی مسلمانوں کی نسل کشی کو دو سال مکمل ہونے پر بنگلادیش میں مقیم روہنگیا کے مسلمانوں نے احتجاجی مارچ کیا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بنگلادیش کے مہاجر کیمپوں میں مقیم لاکھوں روہنگی مسلمان سڑکوں پر نکلے اور انہوں نے حقوق فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
ریلی میں موجود افراد نے روہنگیا کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مہاجرین کی واپسی اور انہیں تحفظ فراہم کرنے کے انتظامات بھی کرے۔ اس موقع پر روہنگیا مسلمانوں کے لیے اجتماعی دعا بھی کرائی گئی۔
مزید پڑھیں: روہنگیا نسل کشی، میانمار کے فوجی سربراہ پر پابندی عاید کردی گئی
شرکاء نے برمی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے مسلمانوں کے لیے رو رو کر دعائیں بھی کیں۔
یاد رہے کہ دو برس قبل میانمار کے صوبے رخائن میں فوج نے ریاستی آپریشن شروع کیا تھا جس کی آڑ میں لاکھوں مسلمانوں کو شہید کردیا گیا تھا جبکہ 7 لاکھ کے قریب مسلمانوں نے بنگلادیش ہجرت کی تھی۔
عالمی ادارے(یو این) کے تحقیق کاروں کا کہنا تھا کہ 2017 میں برمی فوج نے مسلمانوں کی نسل کشی کے لئے ریخائن میں آپریشن کیا جس کے بعد 7لاکھ 30 ہزار مسلمان بنگلہ دیش ہجرت کرنے پر مجبور ہوئے۔